مال روڈ(قذافی بٹ) وزیراعلیٰ پنجاب نے مون سون کے دوران بارشوں سے ہونیوالے نقصان کی رپورٹ منگوا لی۔وزیراعلیٰ نے مون سون کے دوران جانی و مالی نقصانات کی جانچ پڑتال کیلئے سروے کی بھی ہدایت جاری کردی ۔
مون سون کے دوران ہونیوالے مالی و جانی نقصانات کی وزیراعلی نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تیز بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ پبلک انفراسٹریکچر کی مرمت کیلئے ضروری کارروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ محکموں کو کہا گیا ہے کہ وہ دو روز میں مویشیوں اور فصلوں کے نقصانات ، بارشوں کے دوران چھتوں کے گرنے اور کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کی رپورٹ بھجوائیں۔ وزیراعلیٰ نے رپورٹ کے بعد آفت زدہ خاندانوں کی مالی معاونت کی بھی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب آج شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، موسم گرم اور خشک رہنے سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، گزشتہ روز
شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ صبح کے کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شام کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد رہنے کا امکان بتایا گیا تھا۔