(شہباز علی) پاک بھارت کشیدگی، دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی اثر انداز ہونے لگی، پاک، بھارت ویمن کرکٹ سیریز غیر یقینی کی صورتحال کا شکار ہوگئی۔
بھارتی ہٹ دھرمی کھیل کے میدانوں پر بھی اثر انداز ہونے لگی، پاک بھارت ویمن کرکٹ سیریز کے معاملے پر انڈین کرکٹ بورڈ نے خاموشی اختیار کرلی، دونوں ممالک کے درمیان سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ اور جس کی میزبانی بھارت نے کرنی ہے، سیریز جولائی سے نومبر تک ہونی ہے۔
انڈین بورڈ نے سیریز کی میزبانی کے لیے اپنی حکومت سے اجازت طلب کر رکھی ہے لیکن بھارتی حکومت نے اجازت دینے کے حوالے سے چپ سادھ لی۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سیریز کے حوالے سے بھارت کے ساتھ رابطہ نہیں کرے گا، کیونکہ سیریز کرانا بھارت کی ذمہ داری ہے، تاہم بھارت کی جانب سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے ساتھ سیریز نہیں کھیلی تھی، سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کو پوائنٹس پاکستان کو دینے پڑے تھے۔