بلوچستان؛ کان کنوں پر دہشت گردوں کا حملہ، وزیراعظم نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی

11 Oct, 2024 | 07:49 PM

عیسیٰ ترین: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع دکی میں کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع دکی میں کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کے واقعہ پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، وزیراعظم نے کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی، انہوں نے جاں بحق کان کنوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں، دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، شہداءکے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، وفاقی حکومت شہداءکے خاندانوں کی ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

 علاوہ ازیں وزیراعظم نے واقعہ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی، وزیراعظم نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔

مزیدخبریں