بسام سلطان: لاہور میں گراں فروشوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کردیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لاہور نے گراں فروشی کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے مسلسل مقدمات کا اندراج اور گرفتاریاں جاری رکھیں ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 526 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 4 مقدمات درج کیے گئے اور 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 109 خلاف ورزیوں پر 5 لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
ڈی سی لاہور کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، جن میں اسسٹنٹ کمشنر صدر عبدالباسط صدیقی نے تحصیل صدر میں متعدد سٹوروں اور دکانوں کی پرائس انسپکشن کی۔ عسکری 11 میں جلال سنز کو 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے واضح کیا کہ کاؤنٹرز پر قیمتوں کی فہرستیں نمایاں جگہ پر آویزاں نہ ہونے پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ آویزاں کروایا جا رہا ہے۔
انتظامی افسران فیلڈ میں گراں فروشی کے خلاف سخت ایکشن لے رہے ہیں، اور منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ سبزی و فروٹ منڈیوں میں رسد و طلب کے عمل کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔