راؤ دلشاد : پنجاب میں" چیف منسٹر انسولین "پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولتوں میں بہتری کے لئے بی ایچ یوز کو مریم نواز ہیلتھ کلینک کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ، ہیلتھ سٹاف کے لئے پرفارمینس منیجمنٹ فریم ورک تشکیل دینے اور کارکردگی جانچنے کےلئے" کے پی آئی" بنانے کی منظوری بھی دی گئی، اس کے علاوہ میانوالی ، جھنگ لیہ اٹک اور جہلم کےہسپتالوں میں کیتھ لیب قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی، مریض بچوں کو انسولین کی فراہمی یقینی کےلئے خصوصی کارڈ بھی بنائیں جائیں گے ۔ حکومت کی منظور شدہ کمپنی کولڈ چین اور دیگر ایس او پی کے مطابق انسولین فراہم کرے گی، لاہور سمیت تین اضلاع میں چیف منسٹر انسولین فار آل پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ ذیابیطس ٹائپ ون کے مریض مخصوص ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے ۔
سینئر منسٹر مریم اورنگزیب ، وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہد بخاری، وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نزیر مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی،ایم پی اے ثانیہ عاشق، پرنسپل سیکرٹری سیکرٹریز ہیلتھ، فنانس اور دیگر حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔