پنجاب حکومت کا ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے  ماڈل گارمنٹ ویلجز بنانے کا فیصلہ

11 Oct, 2024 | 12:03 PM

راؤ دلشاد:  پنجاب حکومت نے صوبے میں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے ماڈل گارمنٹ ویلجز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس ضمن میں ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی، جس کا نوٹیفکیشن پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم ساجد ظفر ڈال نے جاری کیا۔

سٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینئر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ مقرر کیے گئے ہیں جبکہ پارلیمانی سیکرٹری و فوکل پرسن گارمنٹ سٹی سعدیہ تیمور، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد، سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ، اور سیکرٹری آئی سی آئی پنجاب بھی کمیٹی کے ممبران میں شامل ہیں۔

یہ کمیٹی گارمنٹ ویلجز کے لیے ممکنہ مقامات کو شارٹ لسٹ کرے گی اور سوشل ویلفیئر کے سنت زار دستکاری سینٹرز کی طرز پر ماڈل گارمنٹ ویلجز کی تعمیر کے منصوبے پر عمل درآمد کرے گی۔

کمیٹی کو ماڈل گارمنٹ ویلجز کو ضروری سامان کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے اور منصوبے کی کامیابی کے لیے ٹیوٹا کے ساتھ تعاون کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اس کمیٹی کو تمام لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا۔

مزیدخبریں