پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد کی کارروائی،6سال بعد اٹلی سے3 بچے بازیاب

11 Oct, 2024 | 09:40 AM

علی ساہی: پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد  نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 6سال بعد اٹلی سے3 بچے بازیاب کرا لئے، بچوں کی والدہ نے اپنے شوہر پر اغوا کا مقدمہ درج کرایاتھا۔

تفصیلات کےمطابق پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد کی مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اٹلی سے 3 کم سن بچے بحفاظت بازیاب کرا لئے، ترجمان پنجاب پولیس کا کہناتھا کہ بازیاب ہونے والوں میں خاقان بشیر، حسین بشیر اور اشعل بشیر شامل ہے،بچوں کی والدہ نےحافظ آباد تھانہ ونیکے تاڑر میں خاوند پر بچوں کے اغواء کا مقدمہ درج کروا رکھا تھا ۔
بچوں کا والد زبیر بیوی سے جھگڑ کر 06 برس قبل تینوں بیٹوں کو زبردستی اپنے ساتھ اٹلی لے گیا تھا،بچوں کی والدہ نے لاہور ہائیکورٹ میں بچوں کی بحفاظت واپسی کے لئے رٹ دائر کر رکھی تھی، پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل انٹرپول سے بچوں کا ییلو نوٹس جاری کروایا، امیگریشن ریکارڈ میں کوائف اپ ڈیٹ کروائے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہناتھا کہ اٹلی سے واپسی پر بچوں کو لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے اپنی تحویل میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 06 برس بعد بچوں کی بحفاظت بازیابی پر آر پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او حافظ آباد کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ عدالتی احکامات کے مطابق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزیدخبریں