ورلڈکپ: بھارت نے افغانستان کو شکست دے دی

11 Oct, 2023 | 03:03 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک )آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے نویں میچ میں بھارت نے افغانستان کو با آسانی 8  وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

بھارت نے افغانستان کا 273 رنز کا ہدف با آسانی 35 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی،ان کی اس اننگز میں 5 چھکے اور 16 چوکے شامل تھے۔اس کے علاوہ ایشان کن نے47 ، ویرات کوہلی  55 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ  شریاس ائیر نے  25 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے  راشد خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، روہت کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

بھارت کے خلاف افغانستان کی پہلی وکٹ 32 کے مجموعی اسکور پر گری، جب جسپریت بمراہ نے اوپنر ابراہیم زدران کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔اس کے بعدرحمان اللہ گرباز کو ہاردک پانڈیا نے 21 جب کہ رحمت شاہ کو شاردل ٹھاکر نے 16 رنز پر پویلین بھیجا۔63 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد عظمت اللہ عمر زائی اور حشمت اللہ شاہدی نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 121 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔لیکن پھر عظمت اللہ عمر زائی 62  اورحشمت اللہ شاہدی 80 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کےعلاوہ محمد نبی نے 19، راشد خان نے 16، مجیب الرحمان نے 10 اور نوین الحق نے 9 رنز بنائے، یوں افغانستان نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے بمراہ نے 4، ہاردک پانڈیا نے 2 اور کلدیپ یادیو اور ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 14 اکتوبر بروز ہفتے کو احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں