زاہداقبال رانا: ایف آئی اے انٹرپول کی بڑی کارروائی، پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم کو یو اے ای سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف ائی اے کے مطابق گرفتار ملزم عادل محمود گجرات پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔ ملزم کی گرفتاری کے لئے ایف آئی اے انٹرپول نے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول یو اے ای کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے ملزم کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔
واضح رہے کہ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لئے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔