خاتون کو 46 سال بعد وراثتی حق مل گیا

11 Oct, 2022 | 02:34 PM

ویب ڈیسک:ڈیرہ اسماعیل خان کی خاتون کو 46 سال بعد وارثتی حق مل گیا۔

سپریم کورٹ میں ڈیرہ اسماعیل کی خاتون کے وراثتی حق سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈیرہ اسماعیل خان کی رہائشی خاتون کا والد کی جائیداد میں حصہ تسلیم کرتے ہوئے ہائی کورٹ فیصلےکیخلاف بھائیوں کی اپیل خارج کر دی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بہنوں نے اپنا حصہ بھائی کو تحفے میں دے دیا تھا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جب بھائی کو تحفہ دیا گیا اس وقت بہنیں کم سن تھیں اور کم عمر بہن کیسے بھائیوں کو جائیداد تحفے میں دے سکتی ہیں ؟ ریکارڈ کے مطابق بہن کی جانب سے وکیل نے بیان دیا تو کم سن لڑکی کی جانب سے کوئی وکیل کیسے بیان دے سکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ بھائیوں نے کبھی بہن کو جائیداد گفٹ دی ہے ہر بار بہن ہی کیوں دے؟ اور گفٹ میں کہیں آفر قبولیت کا ذکر نہیں تو اس کی قانونی حیثیت نہیں رہتی۔

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ جب بہن نابالغ تھی تو بھائیوں نے کیسے بہن سے ساری جائیداد لے لی اور نابالغ بہن کوئی بھی کنٹریکٹ نہیں کر سکتی۔زمین خریدار کے وکیل نے مؤقف اختیار کہا کہ اراضی خریدنے سے پہلے تسلی کی گئی تھی کہ اس میں بہنوں کا حصہ شامل نہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خریدار نے تسلی کیسے کی؟ کوئی دستاویز دکھائیں، کیس ریکارڈ سے ثابت نہیں ہوتا کہ خریدار نے ٹھوس تسلی کی ہو۔

مزیدخبریں