(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر پارلیمانی امورپنجاب راجہ بشارت نے اپنی آڈیو لیک پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 سے 15 سال پرانے واقعہ کو فبریگیٹ کرکے لانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، میں اس کی مذمت کرتا ہوں، یہ سلسلہ بندہونا چاہیے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں صحافی نے راجہ بشارت سے سوال کیا کہ آپ کی بھی آڈیو لیک آئی وہ صیح ہے یا غلط ہے؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ آڈیولیکس میاں نوازشریف، شہباز شریف اور عمران خان کے خلاف بھی آئیں، اب پرویز الٰہی اور میرے خلاف بھی آڈیو لیک آئی ہے،اس سے کچھ نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھاکہ 10 سے 15 سال پرانے واقعہ کو فبریگیٹ کرکے لانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، میں اس کی مذمت کرتا ہوں، یہ سلسلہ بندہونا چاہیے، اس سے کسی کا بھی کوئی فائدہ یا نقصان نہیں ہوتا۔
ن لیگ کے حوالے سے راجہ بشارت کا کہنا تھاکہ شہباز شریف اور نواز شریف کا مؤقف ایک ہی ہے، عوام میں تاثر دیتے ہیں کہ آپس میں اختلافات ہیں، نوازشریف کو اب یاد آیا ہے انہوں نے ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا، پی ٹی آئی کا ایبسلوٹلی ناٹ کا بیانیہ کافی عرصے سے چل رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت کی بھی مبینہ کال لیک ہوئی تھی اور سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تھی۔