شاہ عالم گیٹ سے رنگ محل چوک تک تجاوزات کی بھر مار

11 Oct, 2020 | 01:04 PM

Sughra Afzal

شاہ عالم گیٹ(نبیل ملک) شاہ عالم چوک اور اطراف میں تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہنا معمول بن گیا.

 شاہ عالم چوک سے رنگ محل چوک، سنہری مسجد، مسجد وزیر خان اور پانی والا تالاب جانے والے راستے مکمل جام، غلط پارکنگ اور تجاوزات کی بھرمار سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے، رنگ محل میں گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے ڈی پوائنٹ پلازہ بنایا گیا ہے اس کے باوجود شاہ عالم گیٹ سے رنگ محل تک سڑک کے دونوں اطراف گاڑیاں کھڑی کر دی جاتی ہیں اور تاجروں نے سامان بھی رکھا ہوا ہے، اس کے ساتھ کسیرا بازار، کشمیری بازار، کوتوالی چوک، مسجد وزیر خان تک تاجروں نے تجاوزات قائم کی ہوئی ہیں۔

ڈبی بازار کے تاجروں نے 4 سے 5 فٹ تک سڑک پرقبضہ کر رکھا ہے، شدید ٹریفک اور تجاوزات کے باعث رنگ محل کے مکینوں کا ایمرجنسی میں میو ہسپتال تک جانا محال ہوجاتا ہے، رنگ محل چوک میں غیرقانونی رکشہ سٹینڈ بن چکاہے جس کے باعث شہریوں اور تجاوزکنندگان کے درمیان جھگڑے کے واقعات معمو ل بن چکے ہیں۔

شاہ عالم مارکیٹ اوراطراف میں سٹی ٹریفک پولیس بے ہنگم ٹریفک کوکنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، ٹریفک روانی متاثر ہو نے کی بڑی وجہ تاجر برادری خود ہے جس نے جگہ جگہ تجاوزات قائم کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بری طرح پھنس جاتی ہیں۔

شاہ عالم مارکیٹ اور اطراف کے رش کے باعث سرکلر روڈ، اکبری منڈی، اردو بازار، بھاٹی گیٹ، لوہاری گیٹ، موری گیٹ اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہتا ہے۔

مزیدخبریں