پاکستان میں مہنگائی 3 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

11 Oct, 2020 | 12:30 PM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں رواں ماہ (اکتوبر) کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح 1.24 فیصد اضافے کے ساتھ 11.28 فیصد ہوگئی ہے جو 3 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔ 

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ایک ہفتے میں ہی 1.24 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس سے ملک میں مہنگائی 3 ماہ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں پیاز مزید 8 روپے مہنگی ہو کر فی کلو 75 روپے کی ہوگئی ہے، ٹماٹر 128 روپے فی کلو جب کہ انڈے 160 روپے فی درجن ہوگئے ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں چینی 110روپے فی کلومیں فروخت کی جارہی ہے جبکہ کراچی میں 20 کلو آٹا 1380 سے 1500 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔

اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں قیمتیں بڑھنے کی شرح 11.28 فیصد تک پہنچ گئی ہے، مہنگائی کی شرح ایک ہفتے میں ہی 1.24 فیصد بڑھی ہے، چکن کی قیمت 10 روپے بڑھ کر172 روپے فی کلو ہوگئی ہے جب کہ آلواور دال مسور کے نرخ بھی بڑھ گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کیلے دال مونگ، ماش، گڑ سمیت 4 اجناس کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی جب کہ گھی، کوکنگ آئل، مرچ، چائے سمیت 23 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

مزیدخبریں