طلبہ سے وصول کی گئی اضافی فیسیں واپس کرنے کا حکم جاری

11 Oct, 2020 | 12:00 AM

Malik Sultan Awan

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ کا ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کوسپریم کورٹ کے فیصلے کے برعکس بڑھائی گئی فیسیں کالعدم قرار دینے کا حکم ، تحریری حکم میں ہدایت کی گئی ہے، ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی تمام سکولوں کی فیسوں میں اضافے کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لے، فیسوں میں اضافے کا جائزہ سات روز میں مکمل کیاجائے۔
لاہور ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ سپریم کورٹ کےوضع کردہ اصولوں کے برعکس طلبہ سے وصول کی گئی اضافی فیسیں واپس کی جائیں۔والدین قانون کے مطابق بڑھائی گئی فیسوں کے واجبات سات روز میں ادا کریں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے والدین کی درخواستوں پر محفوظ کیاگیا فیصلہ جاری کیا۔

عدالت عالیہ نےتحریری حکم میں واضح کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے تک طلبہ کو کلاسیں جوائن کرنے کی اجازت ہو گی، ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی طلبہ کی داد رسی کرنے کا پابند ہو گی، تمام سکول بارہ اکتوبر کو ڈسٹرکٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے روبرو اپنا موقف پیش کریں۔

عدالت نے حکم دیا کہ کسی بچے کو فیس کی عدم ادائیگی پر سکول سے نکالا گیا تو سکولز انتظامیہ کو طلب کیا جائے گا۔عدالت کے روبرو درخواستوں میں نشاندہی کی گئی تھی،پرائیویٹ سکولز کورونا میں فیسوں کی عدم ادائیگی پر بچوں کو نکال رہے ہیں،غیر قانونی اضافی فیسیں وصول کیں۔درخواست گزار والدین کے وکلاء نے بتایا کہ عدالت نے پانچ فیصد اضافے کی اجازت دی،  لیکن سکولز من مانی فیسیں وصول کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں