(سٹی 42) کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہےکہ شہبازشریف اپنے بھائی نواز شریف کو کبھی دھوکہ نہیں دیں گے، وہ نواز شریف کے کہنے پرکنویں میں بھی چھلانگ لگادیں گے۔
احتساب عدالت کے باہر کیپٹن(ر) صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نےسابق وزیر اعظم نواز شریف کو مولانا فضل الرحمان سے رابطے ختم کرنے کیلئے دوبارہ گرفتار کیا ، میاں شہبازشریف مولانا فضل الرحمان کے کندھے سے کندھا ملا کرچلیں گے، شہبازشریف اپنے بھائی کو کبھی دھوکا نہیں دےسکتےنواز شریف کا خط حسین نواز تک پہنچادیا، پیغام رساں ہوں کسی کو جیلسی ہے تو ہوتی رہے۔
انہوں نے کہا کہ حسین نواز سوشل میڈیا کے ذریعہ سب کو باخبر رکھیں گے، حسین نواز فضل الرحمان کو نواز شریف کا پیغام پہنچائیں گے۔
اس موقع پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر نیا مقدمہ درج کرانا انتقامی کارروائی ہے، ن لیگ چٹان کی طرح ڈٹی ہے، حوصلوں میں کمی نہیں آئی، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ گئی ہے، معیشت تباہ اور حکومت چل نہیں رہی، حکومت اس نا انصافی کی سزا کاٹے گی۔
دوسری جانب لیگی رہنماوں کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف سے جیل میں ملاقات پر پابندی کے بعد آج احتساب عدالت پیش کیا جا رہا ہے تو ان کے قریب تک جانے سے روکنے کے لئے کرفیو کا سماں کر دیا گیا۔
(ن) لیگی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ میاں نوازشریف کے خلاف سیاسی انتقامی کاروائی ہو رہی ہے جس سے وہ جلد سرخرو ہو کر عوام کے درمیان ہوں گے۔