سعدیہ خان: محکمہ ماحولیات لاہور کی ٹیم کے آلودگی کا سبب بننے والی فیکٹریوں پر چھاپے، قائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ اور ملتان روڈ پر 6 فیکٹریاں سیل کردیں، دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے سموگ کنٹرول پروگرام رپورٹ بھی جا ری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ماحولیات کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر مصباح لودھی کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے ملتان روڈ کے علاقے میں آلودگی پیدا کرنے والی اکبری کیمیکل اور پینٹ بنانے والی فیکٹری پولن پاکستان پرائیویٹ لمیٹیڈ سیل کر دی، جب کہ قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ میں انسپکٹر محمد حسنین نے کارروائی کرتے ہوۓ راڈو ٹیکسٹائل، لاہور ڈائینگ، سیلکو ٹیکسٹائل اور شفیع ڈائینگ فیکٹری کو سر بمہر کیا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ لاہور نے انسدادِ سموگ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ ماحولیات نے 43 انڈسٹریل یونٹس کو آلودگی پھیلانے پر سیل کیا ہے۔ 12 مقدمات کا اندراج، 19 انڈسٹریل یونٹس کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔ 70 اینٹوں کے بھٹوں کو نوٹسز جاری، 179 آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے چالان کئے گئے ہیں۔
محکمہ زراعت نے لاہور کے دیہی علاقوں کے اہم مقامات پر دفعہ 144 کے حوالے سے وال چاکنگ بھی کی، ریسکیو 1122 کی جانب سے سکولوں میں بچوں کوسموگ کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی لیکچرز بھی دئیے گئے۔