سٹی 42 : موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند کردی گئی ۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں، روڈ یوزرز آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں، روڈ یوزرز غیر ضروری سفر سے گریز کریں ، تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔
سموگ کے باعث باغوں کا شہر آلودہ فضا کی لپیٹ میں آگیا، گرد الودہ بادلوں سے شہریوں کی معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئی، شہر میں سموگ تدارک کاروائیاں ناکام نظر آرہی ہیں۔ شہر کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈکس 483 ریکارڈکیا گیا، جس کے بعد دنیا بھر کے آلودہ شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر آگیا ۔
سی ای آر ایف آفس 742,سید مرارب علی روڈ ،ڈی ایچ اے 636,یو ایس کونسلٹ 541، عسکری 517,غازی روڈ انٹر چینج 517,جوہر ٹاؤن 465 ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان 483 ائیر کولٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق شہر میں 24 سے 48 گھنٹوں میں بارش کا امکان نہیں ہے، سموگ سے بچنے کے لیے شہری ماسک کا استعمال لازمی کریں۔
ماہرین کی جانب سے پھیپھڑوں، دمے اور سانس کی بیماریوں سے بچنے کے لیے لوگوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماہر امراض کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں آنکھوں، ناک اور گلے کے مریض بھی رپورٹ ہوئے ہیں، شہری غیر ضروری گھروں سے مت نکلیں، عینک اور ماسک کا استعمال لازمی کریں ۔