عرفان ملک : ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل ملتان نے کاروائی کرتے ہوئے کروڑوں مالیت کے آن لائن فراڈ میں ملوث بین الصوبائی گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی شناخت محمد شارق کے نام سے ہوئی ، ملزم آن لائن فراڈ اور دہوکہ دہی میں ملوث تھا، ملزم آن لائن فراڈ میں ملوث بین الصوبائی گینگ چلا رہا تھا۔ مذکورہ گینگ سپوفنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو چھاپہ مار کاروائی میں دنیا پور سے گرفتار کیا گیا ۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم 10 سے زائد گینگ چلا رہا تھا ، ملزم فراڈ میں ملوث مختلف گینگز کو بینک اکاونٹ نمبرز فراہم کرتا تھا، ملزم سینکڑوں مائیکروفنانس آکاونٹ چلا رہا تھا، ملزم نے سینکڑوں جعلی مائیکرو فنانس اکاونٹ بنا رکھے تھے، فراڈ سے حاصل کردہ رقوم ملزم کے زیر استعمال اکاونٹس میں موصول ہوتی تھی۔ ملزم کلون ایپس کا استعمال کرتے ہوئے بیک وقت 40-50 مائیکرو فنانس اکاونٹ اپنے موبائل میں استعمال کر رہا تھا۔ ملزم فراڈ سے حاصل کردہ 6 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کی رقوم روزانہ کی بنیاد پر نکلواتا تھا۔ فراڈ سے حاصل کردہ رقوم گینگ کے دیگر ملزمان کو تقسیم کی جاتی تھی۔
گرفتار ملزم مجموعی طور پر 4 کروڑ سے زائد کی رقوم فراڈ سے حاصل کر چکا تھا، ملزم کے قبضے سے 2 موبائل فون برآمد کر لئے گئے، ملزم کے موبائل فونز سے ہزاروں کی تعداد میں ٹرانزکیشن کی تفصیلات برآمد کر لی گئی، ملزم کے موبائل فون سے رقوم کی ترسیل کے حوالے سے بھی ویڈیوز برآمد کر لی گئی۔
ملزم فراڈ کی رقوم کی ترسیل کے لئے گاڑیوں کا استعمال کرتے تھے، مذکورہ گینگ خود کو بینک نمائندہ، پولیس انسپیکٹر اور ویزا ایجنٹ ظاہر کر کے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے تھے۔ مذکورہ گینگ متاثرین کو کال پر رشتےدار کی جعلی گرفتاری کی اطلاع دیتے اور انکی رہائی کے لئے رقم وصول کرتے تھے،ملزم کے زیر اثر گینگ فراڈ کے لئے انٹرنیشنل نمبرز کا بھی استعمال کرتے تھے، ملزم کے زیر اثر گینگ خود کو جعلی رشتےدار ظاہر کر کے بھی شہریوں سے رقم بٹورتے تھے، ملزم دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہریوں کے بینک اکاونٹ کی رسائی حاصل کرتے ہوئے جمع پونجی سے بھی محروم کر دیتے تھے ۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں ۔