ویب ڈیسک:اسرائیل روایتی بربریت سے باز نہ آیا،غزہ میں دو روز کے دوران حملوں میں 85 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ، لبنان اور شام میں حملے کیے جہاں غزہ کے جبالیہ کیمپ پر پیر کے روز کیے جانے والے حملے میں 36 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز بھی غزہ میں وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جہاں اتوار کو 49 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ دو روز کے دوران اب تک اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 85 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب صیہونی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے شمالی حصے کو نشانہ بنایا جہاں المات گاؤں پر حملے میں 23 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ اسرائیل حملوں کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر 35 سے زائد شہری شہید ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس آج سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوگا،کانفرنس میں فلسطین اور لبنان سمیت خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اسلامی ممالک کے رہنما مشرق وسطی کی صورتحال پر تجاویز پیش کریں گے،وزیراعظم شہبازشریف عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، شہبازشریف کی اجلاس کی سائڈ لائنز پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔