ویب ڈیسک : ملتان سے خانیوال بارات لانے والے دلہا کیساتھ دھوکا ہوگیا ۔
بڑے ارمانوں کے ساتھ ملتان سے خانیوال بارات لانے والے دلہا میاں کے ساتھ دھوکا ہوگیا۔ہوا کچھ یوں کہ دلہا اپنے اہل خانہ، خاندان کے افراد اور دوستوں کے ہمراہ بارات لے کر پہنچا تو دلہن کے گھر کو تالا لگا دیکھ کر موقع پر ہی بے ہوش ہوگیا۔باراتیوں نے دلہن کے گھر کو لگے تالے کے بارے میں پڑوس سے معلوم کیا تو پتا چلا کہ وہ گزشتہ روز سے غائب ہیں۔
دلہا سجی ہوئی گاڑی اور بارات سمیت تھانہ سٹی پہنچ گیا۔باراتیوں کا کہنا ہے کہ شادی کی تیاری کے لیے دلہن کے گھر والوں کو تین لاکھ روپے دیے تھے، اب بارات لے کر آئے ہیں تو دلہن والے غائب ہیں۔دلہن اور اس کے گھر والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کروا دی گئی۔