ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر چھوٹے سرکاری ملازمین کے لیے پی ٹی آئی حکومت کا اہم اقدام، عرصہء دراز سے زیر التواء مختلف محکموں کے 29 ہزار 950 ملازمین کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی خصوصی کمیٹی نے اپ گریڈیشن کی منظوری دی۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل کے 14ہزار 387 وارڈرز کا گریڈ 5 سے 7، 1520 ہیڈ وارڈرز کا گریڈ 7 سے 9 جبکہ 162 چیف وارڈرز کا گریڈ 9 سے 11 کردیا گیا ہے۔ محکمہ جیل کے 49 مذہبی معلمین کو گریڈ 12 سے 15، تمام محکموں کے 373 ٹیلی فون آپریٹرز کا گریڈ 7 سے بڑھا کر 11 کر دیا گیا۔
تمام محکموں کے 11 ہزار 184 ڈرائیوروں کا سکیل 4 سے 5، محکمہ سماجی بہبود کے 695 سپروائزروں کا گریڈ 9 سے 11، محکمہ جنگلات کے 928 واچرز اور 30 ہیڈ واچرزکا گریڈ 5 اور 7 سے 9 کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح محکمہ جنگلات کے 162 وائلڈ انسپکٹرز کا گریڈ 9 سے 11 اور 2 فزیکل انسٹرکٹرز کا گریڈ 8 سے 9 جبکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے 458 کیئر ٹیکرز کا گریڈ 9 سے 11 کر دیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قانون اور سیکریٹری خزانہ سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ہے۔
یاد رہے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عمرہ کی ادائیگی کے بعد کل وطن واپس پہنچیں گے۔ وزیراعلیٰ فیملی کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے حجاز مقدس گئے ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار 7 نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔