شعیب ملک کا ہانیہ عامر کے ساتھ فوٹوشوٹ وائرل

11 Nov, 2021 | 09:27 AM

Sughra Afzal

ڈیفنس(سٹی42) حال ہی میں کرکٹر شعیب ملک اور اداکارہ عائشہ عمر کا تشہیری فوٹوشوٹ وائرل ہوا تھا اور اب کرکٹر کا اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ نیا فوٹوشوٹ بھی وائرل ہوگیا۔

شعیب ملک نے دو ہفتے قبل عائشہ عمر کے ہمراہ فوٹوشوٹ کروایا تھا، جس پر اداکارہ پر سخت تنقید بھی کی گئی تھی۔شعیب ملک کے ساتھ بولڈ فوٹوشوٹ کروانے پر عائشہ عمر پر یہ الزامات بھی لگائے گئے تھے کہ انہوں نے کرکٹر کے ساتھ شادی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر انہوں نے وضاحت دی تھی کہ ایسا کچھ نہیں اور وہ ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں۔

تاہم اب کرکٹر کا اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ فیشن میگزین کے لیے کروایا گیا فوٹوشوٹ وائرل ہو رہا ہے، جس پر لوگ دونوں کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے دکھائی دیئے، شعیب ملک اور ہانیہ عامر نے حال ہی میں فیشن میگزین 'ہیلو پاکستان' کے لیے فوٹوشوٹ کروایا، جس کی تصاویر میگزین سمیت کرکٹر اور اداکارہ نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

فوٹوشوٹ کی وائرل ہونے والی تصاویر میں کرکٹر اور اداکارہ کو فیشن ایبل لباس میں دیکھا جا سکتا ہے.میگزین نے دونوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ میگزین کے جلد شائع ہونے والے شمارے میں دونوں کا انٹرویو ہوگا اور دونوں کی تصویر سرورق کی زینت بھی بنے گی۔اگرچہ فوٹوشوٹ کی وائرل ہونے والی تصاویر میں ہانیہ عامر اور شعیب ملک کو مناسب انداز میں دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود لوگوں نے ان پر تنقید کی اور بعض افراد نے نامناسب کمنٹس بھی کیے۔

کرکٹر کا ہانیہ عامر کے ہمراہ فوٹوشوٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ حال ہی میں شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تیز ترین ففٹی بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بنے تھے۔

مزیدخبریں