(سعید احمد) ریلوے خسارہ میں ریکارڈ اضافہ، آمدن کم ہونے سے ہدف بھی پورا نہ ہو سکا، رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں محکمہ ریلوے کو 9 ارب 59 کروڑ 54 لاکھ 95 ہزار روپےکا نقصان ہوا۔
محکمہ ریلوے رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کا ہدف پورا کرنے میں ناکام ہوگیا، مالی سال 21-2020 کے پہلے چار ماہ میں ریلوے خسارے میں ریکارڈ اضافہ ہوا، اعداد و شمار کے مطابق ریلوے کو پہلے چار ماہ میں 9 ارب 59 کروڑ 54 لاکھ 95 ہزار روپے کا خسارے کا سامنا ہے، ریلوے کو چار ماہ میں کل 23 ارب 36 کروڑ 88 لاکھ 28 ہزار روپے آمدنی کا ہدف دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق چار ماہ میں ریلوے کو صرف 13 ارب 77 کروڑ 33 لاکھ 33 ہزار روپے آمدنی ہوئی، مسافر ٹرینوں سے چار ماہ میں آمدنی کا ہدف 13 ارب 77 کروڑ 73 لاکھ 54 ہزار روپے مقرر کیا گیا تھا، مگر ریلوے نے مسافر ٹرینوں سے صرف 6 ارب 46 کروڑ 3 لاکھ 31 ہزار روپے آمدنی حاصل کی، یوں مسافر ٹرینوں کے ہدف سے ریلوے کو 7 ارب 31 کروڑ 70 لاکھ 31 ہزار کم آمدنی حاصل ہوئی۔
دوسری جانب مال گاڑیوں کے ذریعے 7 ارب 32 کروڑ 13 لاکھ 91 ہزار روپے آمدنی کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، مگر محکمہ ریلوے چار ماہ میں صرف 5 ارب 58 کروڑ 69 لاکھ 20 ہزار روپے ہی کما سکا، یوں گڈز ٹرینوں کے ہدف سے 1 ارب 73 کروڑ 44 لاکھ 71 ہزار کم آمدنی حاصل ہوئی۔ ریلوے اعداد و شمار کے مطابق چار ماہ کے اہداف کی نسبت ریلوے کو 41 فیصد کم آمدنی حاصل ہوئی۔