سٹی 42:اسلام آباد کے بعد لاہور کے دفتر میں خاتون کو ہراساں کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون دفتر میں کھڑی ہے، اسی دوران اس کا ایک کولیگ آتا ہے اور اسے نامناسب انداز میں چھوتا ہے۔ یہ ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے ریکارڈ ہوئی جو اب سوشل میڈیا پر سامنے آچکی ہے۔
ایک انگریزی روزنامے کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے کسی دفتر میں پیش آیا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز پہلے اسلام آباد سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ فیصل بینک کا منیجر خاتون کارکن کو نامناسب انداز میں چھوتا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے پر منیجر کو نوکری سے برخاست کرکے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
یاد رہے لاہور کا شمار پاکستان کے ان شہروں میں ہوتا ہے جو ترقی کے حساب سے دیگر شہروں کے مقابلے کافی آگے ہے مگر بدقسمتی سے چوری، ڈکیتی، قتل اور زیادتی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام میں پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ معاشرے میں جنسی زیادتی اور تشدد کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافے سے نہ صرف معصوم لڑکیاں عدم تحفظ کا شکار ہو رہی ہیں بلکہ ان کے والدین اور رشتہ دار بھی سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔ نوجوان لڑکیوں کو سہانے خواب دکھا کر اور اچھی نوکری کا جھانسہ دے کر ان کے ضمیر کا سودا کیا جاتا ہے۔ ایسے معصوم لڑکیاں وحشی درندوں کے ہاتھوں اپنی عزت گنوا بیٹھتی ہیں۔
نارووال سے لاہور نوکری کے لئے آئی لڑکی عزت گنوا بیٹھی ،متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ رحمان اور طلحہ نوکری کا جھانسہ دیکر نولکھا میں واقع کوارٹر میں لے گئے، کوارٹر میں موجود نعیم نامی شخص کو انٹر ویو دینے کے لئے کہا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نعیم لڑکی کو 2 روز تک زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ متاثرہ لڑکی 2 روز بعد کوارٹر سے بھاگ کر تھانے پہنچ گئی۔