کورونا کے معیشت پر بھی وار، پنجاب کو 5 ارب ڈالر کا نقصان

11 Nov, 2020 | 02:49 PM

Sughra Afzal

مال روڈ(عثمان علیم)قاتل وائرس کورونا کے معیشت پر بھی وار،  کورونا کے باعث پنجاب کو تقریبا تین سے 5 ارب ڈالر تک کا معاشی نقصان ہوا جبکہ 58 فیصد ملازمت پیشہ افراد کی آمدنی متاثر ہوئی۔ 

  کورونا وائرس نے پنجاب کی معیشت پر بھی حملہ کردیا، رپورٹ کے مطابق کورونا کے باعث پنجاب جی ڈی پی کو تقریبا 5 ارب ڈالر تک کا معاشی نقصان ہوا، کورونا کے باعث پنجاب میں 58 فیصد نوکری پیشہ افراد کی آمدنی متاثر ہوئی۔کورونا کے باعث متاثر نوکریوں، معاشی و لوکل انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے وفاق اور صوبوں نے مشترکہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب میں یہ پروگرام 15 ارب 52 کروڑ کی لاگت سے شروع کیا جائے گا، جس میں پنجاب  اور وفاق 50،50 فیصد ادائیگی کریں گے، اس پروگرام کے تحت ہیلتھ، ایجوکیشن، ایریا ڈویلپمنٹ سمیت دیگر پر کام کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں سکیموں کی نشاندہی کریں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی شدت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں کورونا سے مزید 4 اموات اور 152 نئے مریض سامنے آئے ہیں، پنجاب بھر میں 407 نئے کیسز اور 12 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں، لاہور کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں 90 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 49 آئی سی یو اور 12 وینٹی لیٹر پر ہیں۔

لاہور میں اب تک کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 53 ہزار 645 اور 950 اموات ہوچکی ہیں، پنجاب بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 107329 اور اموات 2420 ہوگئی ہیں، اب تک کورونا سے متاثرہ 97651 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، کورونا وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ۔

مزیدخبریں