ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینﷺ 13 نومبر سے منانے کا فیصلہ

11 Nov, 2020 | 11:47 AM

Sughra Afzal

مال روڈ(علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینﷺ کا آغاز جمعہ 13 نومبر سے ہوگا، حضرت محمد ﷺکی شان اقدس کو بیان کرنے کیلئے صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر تقریبات ہوں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں ہفتہ شان رحمت اللعالمینﷺ کے انعقاد کے سلسلے میں خصوصی اجلاس ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینﷺ کا آغاز جمعہ 13 نومبر سے ہوگا،الحمرا اوپن ائیر کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں محفل نعت اور محفل سماع کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں ملک کے نامور نعت خواں اور قوال شرکت کریں گے، جبکہ باغ جناح میں کیلی گرافی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا، خواتین کیلئے علیحدہ محفل میلاد کا اہتمام کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیراہتمام عالمی مشائخ و علماء کنونشن کا انعقاد ہوگا، کنونشن میں عالمی شہرت کے حامل مشائخ و علماء بھی شریک ہوں گے، عالمی قرأت کانفرنس کا بھی اہتمام کیا جائے گا، محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے زیراہتمام کالجوں اور یونیورسٹیوں میں نعتیہ اور تقریری مقابلے ہوں گے، ان مقابلوں میں سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات حصہ لیں گے اور جیتنے والے طلبہ و طالبات میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جائیں گے، سکولوں میں نعتیہ اور کوئز مقابلے ہوں گے، نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے۔ 

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ 50 کروڑ روپے کے فنڈ سے رحمت اللعالمینﷺ سکالرشپ قائم کر دیا گیا ہے، سکالرز کواسلامی دنیا کے بہترین اداروں میں نبی کریمﷺ کی سیرت پر ریسرچ کیلئے سکالر شپ دیئے جائیں گے، 25 کروڑ روپے کی رقم سے پوزیشن ہولڈرز طلبا کو وظائف دیئے جائیں گے، میٹرک پاس غریب اور نادار طلبا کو مزید پڑھائی کیلئے 25 کروڑ روپے کے رحمت اللعالمین ﷺسکالرشپ دیئے جائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمدﷺکی حیات مبارکہ پر مختصر دستاویزی فلمیں بنائی جائیں گی، بہترین ڈاکومنٹری کو ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر انگلش اور فرنچ سب ٹائٹلز کے ساتھ نشر کیا جائے گا اور مقابلے کے ونر پروڈیوسر کو اسناد اور نقد انعام دیا جائے گا۔

 وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے ہفتہ شان رحمت اللعالمینﷺ کی تقریبات کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائیں اور مربوط انداز میں تقریبات کے انتظامات کو جلد حتمی شکل دیں۔

مزیدخبریں