اپوزیشن کا ایجنڈا انتشار اور فساد کے سوا کچھ نہیں: گورنر پنجاب

11 Nov, 2020 | 09:57 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (قذافی بٹ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور  نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا ایجنڈا انتشار اور فساد کے سوا کچھ نہیں، پی ڈی ایم جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ 

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے ملاقات کی، دوران ملاقات گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت تمام وسائل استعمال کر رہی ہے، کرپشن کے خاتمے اور شفافیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

چودھری محمد سرور نے کہا کہ سیاسی مخالفین ملکی ترقی کو بر یک لگانے کیلئے انتشار پیدا کر نا چاہتے ہیں، پی ڈی ایم کا حکومت کے خاتمے کا خواب بس خواب ہی رہے گا، حکومت کرپشن کیخلاف اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی، کرپشن کا خاتمہ اور شفاف احتساب ملک وقوم کیلئے لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے، معاشی اشاریے مثبت ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بن رہا ہے، ملکی معاشی ترقی کو عالمی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں، حکومت اداروں کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، مہنگائی کے خاتمے کیلئے بھی حکومتی ادارے بھر پورکام کر رہے ہیں۔

 

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کو مضبوط بنا رہے ہیں، حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں۔

مزیدخبریں