( قذافی بٹ ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے کرتار پور کوریڈور اور بابا گورونانک کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر آئے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام، سکھ یاتریوں کے گورنر ہاؤس میں بھنگڑے، گرم گرم جیلبیوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
مہمان یاتریوں کا گورنر ہاؤس میں پرتپاک اور والہانہ اسقبال، ڈھول کی تھاپ پر گھوڑوں کا رقص بھی پیش کیا گیا۔ گورنرہاؤس میں آنے والے سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی ہوئی ہے، کرتارپور کوریڈور کھول کر پاکستان نے امن کا پیغام دیا ہے۔
سکھ مہمان گورنرہاؤس میں گلوکار ملکو کے پنجابی گیتوں پر بھنگڑے ڈالتے رہے، گورنر پنجاب بھی مہمانوں کے ساتھ شریک رہے۔ گورنر ہاؤس میں بیگم عارف علوی اور بیگم گورنر کی خواتین سکھ یاتریوں کے ساتھ گھل مل گئیں۔ دونوں مہمان خواتین کے پاس جاکر حال احوال دریافت کرتی رہیں۔
مہمان یاتریوں کی تواضع گرم گرم جلیبیوں، پکوڑوں، چائے، دہی بھلے، فروٹ چاٹ اور لسی سے کی گئی۔ مہمانوں نے پیار بھرا گلہ بھی کیا کہ لاہور شہر کو دیکھنے کی اجازت بھی دی جائے۔