قذافی بٹ: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کا معاملہ، گورنر پنجاب سابق وزیراعظم کا نام آج ای سی ایل سے نکالے جانے کے لیے پرامید، کہتے ہیں کہ ذاتی طور پر اداروں سے رابطہ کیا، آج کسی بھی وقت میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکل جائے گا۔
الحمرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومتی میڈیکل بورڈ نے بھی میاں نواز شریف کا علاج بیرون ملک کرانے کی تجویز دی ہے، کوشش ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہوسکے سابق وزیراعظم کوعلاج کے لیے بیرون ملک بھجوا دیں، میاں نوازشریف کی صحت کو سیاست میں نہیں لانا چاہتے۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کا دھرنا اس وقت درست نہیں، ہماری توجہ مسئلہ کشمیر پرمرکوز ہونی چاہیے، جبکہ اداروں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں نفرت اورانتہا پسندی کوختم کرکے لبرل ازم کوفروغ دیں گے۔