روزینہ علی : آج رات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم خشک رہےگا۔ تاہم خیبر پختونخوا، بالائی اور مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تربت 44، بہاولپور، جیکب آباد، خیرپور اور روہڑی میں 42 ڈگری سینٹی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اتوار کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنےکے علاوہ آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، تاہم چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مالاکنڈ، پشاور، خیبر اور کرم میں آندھی/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ جبکہ بعداز دوپہر گردآلود ہوائیں/ جھکڑ چلنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی ، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اورنارووال میں آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کے علاوہ بعداز دوپہر تیز/ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے علاوہ تیز/ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔