سٹی42: پنجاب کے وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل ہارنے والی قومی ہاکی ٹیم کے لئے انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے جذبے، جوش، ولولے اور محنت سے 11سال بعد اذلان شاہ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی اور فائنل میں بہترین کھیل کھیلا۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے آپ کی بہترین پرفارمنس پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔
قوم کی جانب سے آپ کے لئے داد اور مبارکباد۔ ایک بار پھر قومی ٹیم نے عالمی افق پر قومی پرچم بلند کیا ہے۔
پنجاب کے وزیر کھیل نے کہا کہ انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب قومی کھیل ہاکی میں ایک بار پھر دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو گا۔ حکومت پنجاب قومی کھیل کی بحالی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی۔