گرمی کی شدت میں کمی ،آج بھی بارش متوقع

11 May, 2024 | 10:01 AM

Ansa Awais

سٹی42 :  گزشتہ شب ہونے والی بارش اور آندھی کے باعث گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ,صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج بھی سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کیساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 26 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، بارشوں اور آندھی کا سلسلہ 12 مئی تک جاری رہنے کی توقع ہے,پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارشیں متوقع ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ24 گھنٹے جاری ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی/ جھکڑ چلنے اور بارش کا امکان ہے۔

 دوسری جانب بالائی سندھ کے بعض مقامات پر بھی آندھی، جھکڑ چلنے اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے,محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور آندھی کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔

  

مزیدخبریں