سنہ2023 کے ٹیکس ریٹرنز نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے کا آغاز ہو گیا

11 May, 2024 | 12:35 AM

وقاص عظیم: فیڈرل بیورو آف ریوینیو  (ایف بی آر) اور ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان نان فائلرز کی موبائل فون سمز مرحلہ وار بلاک کرنے پر اتفاق ہو گیا۔  ٹیلی کوم کمپنیوں نے ٹیکس ریٹرنز فائل نہ کرنے والوں کو سم بلاک کرنے کی وارننگ بھیجنا شروع کر دی۔  

موبائل فون سمز بلاک کرنے کے لیے ایف بی آر  کئی ہفتوں سے پی ٹی آے اور ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں پر دباؤ ڈال رہا تھا۔ ابتدا میں ٹیلی کوم کمپنیوں نے اس مطالبہ کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ایف بی آر اور   پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کے  مذاکرات  کئی روز سے جاری تھے۔ 
  ایف بی آر نے بتایا ہے کہ ٹیلی کوم کمپنیوں سے یہ طے پایا ہے کہ  کمپنیاں ٹیکس ائیر  2023   کے نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنا یقینی بنائیں گی۔

ٹیلی کام آپریٹرز نے مرحلہ وار مینول طریقے سے سمز بلاک کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ جمعہ کے روز پانچ ہزار نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کیلئے تفصیلات ٹیلی کام آپریٹرز کو مہیا کردی گئی ہیں۔   ٹیلی کام آپریٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر سنہ 2023 کے نان فائلرز کے مزید بیچ بھیجے جائیں گے۔ 

ٹیلی کام آپریٹرز نے نان فائلرز کو سمز بلاک کرنے کے متعلق  خبردار کرنے کے پیغامات بھیجنا شروع کردیئے ہیں۔  ایف بی آر اور ٹیلی کام آپریٹرز کی شراکت داری ٹیکس قوانین کی بالا  دستی قائم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔  ایف بی آر کا کہنا ہے کہ  نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہو گا۔ 

مزیدخبریں