ورلڈکپ 2023 میں پاکستان اور بھارت کا میچ کب ہوگا؟

11 May, 2023 | 11:48 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: رواں برس بھارت میں ماہِ اکتوبر میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق  ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق   ورلڈکپ میں 10 ٹیموں کے درمیان 48 میچز کھیلے جائیں گے، بھارت کا پہلا میچ آسٹریلیا کے خلاف 8 اکتوبر کو چنئی میں ہوگا جب کہ پاکستان اپنا افتتاحی میچ 13 اکتوبر کو کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف کھیلے گا۔میگا ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا یعنی پاکستان اور بھارت کا میچ 15 اکتوبر بروز اتوار کو ہوگا، امکان ہے کہ یہ میچ نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں ہو۔

بھارتی میڈیا کے دعوے:

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں کھیلنے پر تحفظات ظاہر کیے ہیں تاہم پاکستان بمقابلہ بھارت کے مقام کا حتمی فیصلہ اب تک نہیں ہوسکا ہے۔بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس سال ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کریں گے تاہم اگر پاکستان فائنل میں پہنچا تو فائنل احمد آباد میں کھیلنے پر رضامند ہے۔

گرین شرٹس کے میچز کے وینیو:
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گرین شرٹس کے حیدرآباد، چنئی اور بنگلورو میں اپنے میچز کھیلنے کی توقع ہے۔ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں سے میزبان بھارت، پاکستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، بنگلا دیش، افغانستان اور نیوزی لینڈ یعنی ان 8 ٹیموں نے براہ راست ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا۔ کوالیفکیشن راؤنڈ سے دو ٹیمیں مین ایونٹ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلے اس سال جون میں میزبان زمبابوے، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، عمان، نیپال، امریکا، متحدہ عرب امارات، آئرلینڈ کے درمیان ہوں گے۔

مزیدخبریں