ملک میں انتخابات کب ہونگے؟ وزیراعظم کی نوازشریف سے ملاقات میں طے پاگیا

11 May, 2022 | 10:23 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی ملاقات کے دوران اتفاق پایا گیا ہے کہ ملک میں جلد انتخابات کا کوئی امکان نہیں، جنرل الیکشن انتخابی اصلاحات مکمل ہونے پر ہی ہوں گے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور اپنے بھائی نواز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگی قائد نواز شریف کی ملاقات کے دوران اتفاق پایا گیا کہ ملک میں جلد انتخابات کا کوئی امکان نہیں، جنرل الیکشن انتخابی اصلاحات مکمل ہونے پر ہی ہوں گے۔ ملاقات کے دوران اتفاق پایا گیا کہ معیشت سے متعلق تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔

اجلاس کے دوران نواز شریف نے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی جبکہ ن لیگ کو عام انتخابات کے لئے تیاریوں کی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف سے ون آن ون ملاقات بھی کی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنما  بھی موجود تھے۔

ملاقات میں عام انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی اور خاص طور پر پی ٹی آئی کی جانب سے جلد انتخابی مطالبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات کے دوران لیگی قائد نے سابق صدر آصف زرداری سے فون پر ہونے والی گفتگو سے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔

ذرائع ن لیگ کے مطابق الیکشن اور آئینی اصلاحات جلد از جلد مکمل کرنے کا کہا گیا ، عمران خان اور تحریک انصاف کے دیگر وزرا اور اراکین کی کرپشن کو ثبوت کے ساتھ عوام کے سامنے لانے اور ن لیگ نے ضلعی سطح پر پارٹی کو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ کے کارکنوں کو خاص اہمیت دی جائے، جلد از جلد آئینی اصلاحات کا عمل مکمل کیا جائے، تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کو پستیوں کی طرف دھکیلا۔مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونےوالے اراکین اسمبلی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزیدخبریں