وزیر اعلیٰ پنجاب کا صحافی برادری کیلئے بڑا اقدام

11 May, 2021 | 01:22 PM

Sughra Afzal

(قذافی بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صحافیوں کو کورونا ویکسین لگانے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر کے صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا، کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کی صحافی برادری کو ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسین لگانے کے حوالے سے سفارشات منظور کر لی گئی ہیں،عید کے بعد صحافیوں کو ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسین لگانے کا آغاز کیا جائے گا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ صحت کو اس ضمن میں جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پریس کلب میں خصوصی سنٹرز کے قیام کا بھی جائزہ لیا جائے گا، ویکسین لگانے کے حوالے سے صحافی برادری کو اکوموڈیٹ کیا جائے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے ایکسپو سنٹر میں 300 آکسیجن بیڈ ہسپتال بنانے کی ہدایت کر دی، ایکسپو سنٹر میں آکسیجن بیڈ ڈ ہسپتال بنایا جائے گا،  یہ ہسپتال وینٹی لیٹرز ہسپتال کی بجائے صرف آکسیجن بیڈز کا بنے گا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو اس ہسپتال کے انتظامات فوری کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے محکمہ خزانہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ اس ہسپتال کے قیام کیلئے بجٹ فراہم کیا جائے۔ ایکسپو سنٹر میں قائم ہونیوالے اس ہسپتال میں کورونا کے ایسے مریض جنہیں آکسیجن کی ضرورت ہوگی کو داخل کیا جائے گا۔

واضح رہےکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس نے ڈیرے ڈال لیے، لاہورمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 43 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 704 نئے کورونا مریض سامنے آگئے،  شہر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں اس وقت 879 مریض زیرعلاج ہیں، جن میں سے 224 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 82 فیصد تک بھر گئے، شہر میں کورونا کے لئے مختص کئے گئے 8 سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز نایاب ہوگئے۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر نے 1013 ایکٹمرا انجکشن خرید لیے، انجکشن انتہائی تشویشناک حالت میں مریضوں کو لگایا جائے گا۔

مزیدخبریں