(مانیٹرنگ ڈیسک) عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 12 مئی کو طلب کر لیا گیا ۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا اجلاس 12 مئی کو اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے، عیدالفطر کے چاند کے لیے پورے ملک سے شہادتیں اکٹھی کی جائیں گی، عیدالفطر کا اعلان شہادت کے مطابق کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ایک مرتبہ پھر وقت سے پہلے ہی عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان کردیا، فواد چودھری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے کیلنڈر اور ایپلی کیشن کے تحت چاند 13 مئی کو نظر آئے گا اور عید 14 مئی کو ہو گی۔
واضح رہےکہ اس سے قبل انہوں نے رمضان کے آغاز کا بھی اعلان کیا تھا تاہم اس وقت ان کے پاس وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا منصب تھا جو حال ہی میں ان سے لے کر شبلی فراز کو دیا گیا تھا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 مئی بروز بدھ کو شوال کا چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں، اس بار 29 کی بجائے 30 روزے پورے ہونے کا امکان ہے اور عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ کو ہوسکتی ہے۔
واضح رہےکہ کچھ روز قبل جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ پروفیسر جاوید اقبال نے بھی پیشگوئی کی تھی کہ پاکستان میں 30 روزے پورے اور عید الفطر 14 مئی جمعہ کو ہوگی۔