شہباز شریف کیلئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی

11 May, 2021 | 11:54 AM

Sughra Afzal

ٹھوکر نیاز بیگ (سعود بٹ) نیب کی جانب سے منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم شہباز شریف اور دیگر تمام شریک ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی گئی، اس سلسلے میں اہم مراسلہ بھی منظرعام پر آگیا، نیب لاہور کی جانب سے لیٹر 28 اپریل 2021ء کو نیب ہیڈ کوارٹرز کو ارسال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق لیٹر میں سپریم کورٹ میں لاہور ہائیکورٹ کی ای سی ایل میں ملزموں کے نام شامل نہ کرنے کی رولنگ کو چیلنج کرنے کی درخواست کی گئی۔ لیٹر میں کہا گیا کہ ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد پر مبنیٰ ریفرنس 20 اگست 2020ء کو احتساب عدالت لاہور کے روبرو دائر ہوا، جس پر عدالتی کارروائی جاری ہے۔

نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے کہ ملزم شہباز شریف کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ٹرائل میں موجودگی انتہائی ضروری ہے۔

 ذرائع کے مطابق استدعا کی گئی ہے کہ منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم شہباز شریف و دیگر ملزموں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔ شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت کے حالیہ تفصیلی فیصلہ کے بعد نیب کی جانب سے اگلے ممکنہ لائحہ عمل پر مشاورت بھی جاری ہے۔

دوسری جانب حکومت نے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کی نئے سرے سے تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ مقدمے میں متعلقہ اداروں کو تفتیش نئے سرے سے شروع کرنے کی ہدایات دی جارہی ہیں، حدیبیہ کا مقدمہ شریف خاندان کی کرپشن کا سب سے اہم سرا ہے، اس مقدمے میں شہباز شریف اور نواز شریف مرکزی ملزم کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو طریقہ حدیبیہ میں پیسے باہر بھیجنے کیلئے استعمال ہوا اسی کو بعد میں ہر کیس میں اپنایا گیا، اس کیس کو انجام تک پہنچانا بے حد اہم ہے۔

 

 

مزیدخبریں