غیر ترقیاتی اکاؤنٹ بند، حکومتی ارکان پر 4 ارب 60 کروڑ نچھاور

11 May, 2021 | 10:43 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (قیصر کھوکھر، علی رامے) محکمہ خزانہ نے تمام محکموں کے غیر ترقیاتی اکاؤنٹ بند کر دیئے، محکمہ خزانہ میں بجٹ 2021-22ء کی کی تیاری کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے تمام محکموں کے غیر ترقیاتی اکاؤنٹ بند کر دیئے،   محکمہ خزانہ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق کوئی بھی محکمہ اب محکمہ خزانہ سے گرانٹ نہیں مانگ سکے گا، کوئی بھی محکمہ اب محکمہ خزانہ کے اکاونٹ سے بجٹ بھی خرچ نہیں کر سکے گا۔ 

دوسری جانب رواں سال کا بجٹ ختم ہونے سے قبل حکومتی ارکان اسمبلی کے حلقوں میں فنڈز کی برسات کر دی گئی، حکومتی اور اتحادی ارکان اسمبلی کو 4 ارب 60 کروڑ روپے کا اضافی فنڈز بھی مل گیا، پنجاب کے سرکاری ادارے حکومت سے اضافی بجٹ کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں لیکن حکومت فنڈ نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہوئے فنڈ دینے سے انکار کررہی ہے۔

 اب خزانے سے اچانک 4 ارب 60 کروڑ روپے کا اضافی فنڈ لاہور سمیت پنجاب بھر کے پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کے حلقوں کو دیدیا گیا۔ جس میں لاہور کے حکومتی ایم پی ایز کے حصے میں سوا ارب روپے آئے ہیں، لاہور میں ہر حکومتی صوبائی رکن اسمبلی کے حلقے کو یہ بجٹ دیا جائے گا، جس میں عبد العلیم خان، ڈاکٹر مراد راس، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید اور دیگر ارکان اسمبلی شامل ہیں، یہ بجٹ اضافی ریسورسز سے ارکان اسمبلی کو دیا گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز سے ارکان اسمبلی کے حلقوں میں سیوریج ، روڈ سیکٹر، صاف پانی اور دیگرجاری منصوبوں کی تکمیل ہوگی۔

مزیدخبریں