کورونا حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فیکٹریاں سیل

11 May, 2020 | 09:08 PM

Arslan Sheikh

( عثمان علیم ) کورونا حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنرز کی کارروائیاں، علی مرتضیٰ ٹیکسٹائل فیروز پور روڈ اور پیکجز سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کو سیل کر دیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ لاہور موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے متحرک ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا اور اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے فیکٹریوں کے دورے کئے۔

اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے علی مرتضیٰ ٹیکسٹائل فیروز پور روڈ کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے پاک پیکجز سندر انڈسٹریل اسٹیٹ رائیونڈ کا دورہ کیا۔

افسران نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے سبب فیکٹریوں کو سیل کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن نے کہا کہ سماجی فاصلے پر عملدرآمد نہ تھا، فیکٹری سے باہر نکلنے کے لئے کوئی پلان ترتیب نہیں دیا گیا تھا۔

ادھر ضلعی انتظامیہ نے ہسپتال کے ویسٹ سے پلاسٹک بنانے والی فیکٹری کیخلاف کارروائی کی۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے بند روڈ کے علاقے میں اچانک چھاپہ مارکر ہسپتال کے فضلے سے پلاسٹک بال تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کر دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ پلاسٹک بال ہسپتال کی ویسٹ شدہ سرنجز، ڈرپس اور آئی ویز سے تیار کی جا رہی تھیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی اطلاع ملتے ہی فوری موقع پر فیکٹری پہنچے اور فیکٹری کو سیل کر دیا۔ 04 افراد کو موقع پر گرفتار کروا دیا۔ ڈی سی لاہور دانش افضال کی ہدایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی ۔   

مزیدخبریں