قذافی بٹ: شاپنگ مالز کھولنے کے لئے پنجاب حکومت کا وفاق سے مشاورت کا فیصلہ، صوبائی وزیرصنعت نے شاپنگ مالز ایسویسی ایشن کو وفاقی حکومت سے بات کرنے کی یقین دہانی کروا دی ، اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ شاپنگ مالز کی بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات کا احساس ہے.
صوبائی وزیرصنعت میاں اسلم اقبال سے آل پاکستان شاپنگ مال ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی. ایسویسی ایشن نے ملاقات میں لاک ڈاؤن کے باعث شاپنگ مالز کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے،کاروبار کھولنے کی اجازت کا مطالبہ کیا .
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ شاپنگ مالز کو کھولنے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کروں گا . حکومت نے غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے کئے ہیں. انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ لوگوں کی معاشی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ انشاءاللہ جلد مشکل حالات سے نکلیں گے اور مکمل کاروباری سرگرمیاں بحال ہونگی۔
دوسری جانب لاک ڈاؤن میں نرمی، شہرکےتمام ماڈل بازاروں میں کورونا خطرات کے پیش نظر بند کی گئی کاسمیٹکس، کپٹروں، جوتوں اور جیولری کی دکانیں 48 روزبعد کھول دی گئیں۔ خیال رہے کہ پنجاب حکومت نےلاک ڈاون کے حوالے سے مرتب کی گئی پالیسی میں 3 دن لاک ڈاون جبکہ 4 دن نرمی کا فیصلہ کیا ہے. ہفتے میں تین دن جمعہ،ہفتہ اور اتوار پورے پنجاب میں لاک ڈاون ہوگا جبکہ چار دن پیر،منگل، بدھ اور جمعرات کو نرمی کی جائے گی. نرمی کے چار دنوں میں دکانیں اور عام بازار کھلے ہوں گے جبکہ شاپنگ پلازےاور بڑے مالز پورا ہفتہ بند رہیں گے۔ لاہور،راولپنڈی،ملتان،فیصل آباد اورگوجرنوالا میں کرونا زیادہ ہے،لاک ڈاؤن سخت رہے گا. بندش کا اطلاق پہلے سے کھولی گئی فارمیسی، میڈیکل سٹورز، دودھ دہی کی دکانوں، کریانہ سٹوروں، تندوروں اور بیکریوں پر نہیں ہوگا۔