وزیر صحت نے دس ہزار نئے ڈاکٹرز بھرتی کرنیکی نوید سنادی

11 May, 2020 | 04:28 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) پنجاب اسمبلی نے مجموعہ ضابطہ فوجداری 2020، دیہی پہنچایت اور نیبر ہڈ کونسلز ترمیمی بل کثرت رائے منظور کرلیے، ایوان میں پنجاب میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی گونج رہی، اپوزیشن نے کورونا کے تدارک کے لئے قومی پالیسی نہ بنائے جانے پر ذمہ دار حکومت کو قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرمین میاں شفیع کی زیرصدارت ایک گھنٹہ سترہ منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایوان کو بتایا کہ ہمارے پاس ٹیسٹ کرنے والی کٹس کی صلاحیت مختلف ہے، جس سے سو فیصد درست رزلٹ آنا ناممکن ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ پچھلے سات سال سے ڈاکٹرز کی رکی ہوئی ترقیاں بحال اور صوبہ بھر میں دس ہزار نئے ڈاکٹرز بھرتی کریں گے۔ اپوزیشن رکن خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کورونا وائرس کے معاملے پر سیاست نہیں کررہے، حکومت کورونا کے بجائے اپوزیشن سے نمٹ رہی ہے۔

لیگی رکن اویس لغاری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے تدارک کے لئے قومی حکمت عملی بنانے میں ناکام ہوئی۔ معاویہ اعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے ایک بجٹ بھی سود سے پاک نہیں دیا۔

ایوان میں اس وقت بڑی دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب حکومتی رکن احمد شاہ کھگہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہم اسلام اور تہذیب کے قریب ہوگئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے مجموعہ ضابطہ فوجداری 2020، دیہی پنچایت اور نیبر ہڈ کونسلز2020 ترمیمی بل پیش کیے جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

ایجنڈا مکمل ہونے پر پینل آف چیئرمین میاں شفیع نے اجلاس منگل کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔

مزیدخبریں