سٹی 42: پنجاب میں کورونا وائرس کے 438 نئے کیس سامنے آچکے ہیں، تعداد 10ہزار471 ہوگئی، لاہور میں 4 ہزار84 تصدیق شدہ مریض ہیں۔41 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔4 ہزار131 افراد صحتیاب ہوئےاور پنجاب بھر میں اب تک کل 1لاکھ17 ہزار206 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔لاہور میں کورونا مریضوں کو رکھنے کے لیے مختلف ہسپتالوں،کوارٹرز،ہوٹلز اور ہاسٹلز میں قرنطینہ سینٹرز بنا ئے گئے ہیں۔قر نطینہ سینٹرز میں موجود افراد نے دل بہلانے اور وقت کاٹنے کے لیے مختلف بہانے تلاش کرلیے ہیں۔
لاہور کے ایکسپو سینٹر قرنطینہ میں کورونا کے زیر علاج مریضوں نے دل بہلانے اور وقت گزارنے کے لیے موسیقی اور ڈانس سمیت مختلف تفریحی سرگرمیوں کا سہارا لے لیا، مریض کہتے ہیں آئسولیشن میں اس سے بہتر مشغلہ کیا ہوسکتا ہے۔
ایکسپو سینٹرلاہور کے قرنطینہ میں زیر علاج کورونا مریضوں نے خود کو مصروف رکھنے اور بیماری کی پریشانی دور کرنے کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا سہارا لے لیا ہے، کوئی گلوکاری سے دل بہلا رہا ہے تو کوئی تاش کھیل کر خود کو مصروف رکھے ہوئے ہے۔
کچھ منچلے مریض ڈانس کے ذریعے نہ صرف اپنا دل بہلا رہے ہیں بلکہ دیگر مریضوں کو بھی محظوظ کررہے ہیں ،کوئی نابینا بھکاری بن کر دوسروں کوہنسا رہا ہے۔
ایکسپو سینٹر قرنطینہ میں زیر علاج مریضوں کا کہنا ہے کہ آئسولیشن میں ایسی سرگرمیوں سے بوریت دور ہوجاتی ہے اوروقت گزرنے کا احساس بھی نہیں ہوتا۔
یاد رہے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر کیے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں دو ماہ سے بند دکانیں اور چھوٹے کاروبار کھل گئے۔ پنجاب میں صبح 8 سے شام 5 بجے تک کاروبار کھلے گا تاہم شاپنگ مال اورپلازہ بند رہیں گے، خیبر پختونخوا میں تاجروں کو دکانیں اورمارکیٹ شام چار بجے تک کھولنے کی اجازت ہے جب کہ بلوچستان میں دکانیں اور مارکیٹ شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت ہے تاہم پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار ہے۔