ڈیفنس (زین مدنی )لالی وڈ انڈسٹری کی نامور اداکارہ میرا دو ماہ سے امریکہ میں ہیں اور وہاں ہونے والے لا ک ڈاؤن اور فلائٹس بند ہونے کے باعث لاہور نہیں آپا رہیں ۔
وہ گزشتہ سے پیوستہ شب امریکہ سے سٹی فورٹی ٹو سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ پاکستا ن آکر مرنا چاہتی ہیں حکومت سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ملک کی سٹار کو وطن واپس لائے ۔واضح رہے میرا ان دنوں امریکہ میں اپنے مبینہ شوہر کیپٹن نوید کے ہاں ہیں اور ان کی کچھ ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں تھیں جس میں وہ باربی کیو کرتے اور پارک میں گاڑی میں بیٹھ کر سیر سپاٹے کرتی نظر آئی تھیں۔
دوسری جانب اداکارہ میرا نے نیویارک سے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے طبی عملے کی بہادری کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف بغیر سہولیات کے قابل تعریف کام کررہے ہیں۔ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کرقوم کی خدمت کرنے اور فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز کو سلام۔
میرا نے مزید کہا اگر ڈاکٹرز بہادری نہ دکھاتے تو ہم وبا سے محفوظ نہ ہوتے۔ اس وبا سے لڑتے ہوئے ہمارے بہت سے ہیلتھ ورکرز اور ڈاکٹرز ہم سے بچھڑ گئے میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔
واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے اس مہلک وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اب تک لاکھوں لوگ اس وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔
پاکستانی اداکارہ میرا جو ہروقت اپنے بیانات کے سبب خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں، ان کا ایک نیا ویڈیو پیغام سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے ساتھ مل کر وزیراعظم کا ساتھ دیں اور کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کروائیں۔ اداکارہ کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی اس وقت بہت مشکل حالات میں ہے، ان مشکل حالات میں غریبوں کی مدد کرنا ہوگی۔
میرا نے صاحب استطاعت افراد سےکورونا متاثرین اور مستحقین کی مددکی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے چاہنے والے اور محب وطن پاکستانی وزیراعظم ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالیں اور ان غریب خاندانوں کی مدد کریں جن کے گھر کا چولہا بھی مشکل سے چل رہا ہے۔