(شاہین عتیق) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اورآشیانہ سکینڈل کیس کی سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی، عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی میڈیکل گروانڈ پر حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی گئی۔
احتساب عدالت میں آشیانہ سکینڈل کیس اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے وکیل نے دونوں کی حاضری معافی کی درخواست دی، عدالت میں حمزہ کے بارے میں بتایا گیاکہ ان کے ٹخنوں میں درد ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوسکتے جبکہ شہباز شریف بیرون ملک علاج کیلئے گئے ہوئے ہیں.
جج جواد الحسن نے وکلا سے استفسار کیا کہ کیا شہبازشریف دو ہفتوں تک وطن واپس آجائیں گے، جس پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے،ڈاکٹرز نے مزیدعلاج معالجے کے لیے انہیں بیرون ملک رہنے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت میں نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نےشہبازشریف کی حاضری معافی کی درخواست پر اعتراض اٹھایاکہ ان کی حاضری معافی کی درخواست کو منظور نہ کیا جائے، یہ عدالت کو بتائے بغیر ملک سے باہر چلے گئے، عدالت شہبازشریف کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے شہباز شریف کو واپس لانے کا حکم دے اورانکےورانٹ گرفتاری جاری کرے۔
عدالت نے دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی، عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کر کے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیدیا۔