فیکٹری ایریا میں افسوسناک واقعہ، 3 بچے جاں بحق

11 May, 2019 | 11:56 AM

Sughra Afzal

(عابد چودھری) فیکٹری ایریا کے علاقے ماڈل کالونی میں واقع   گھر میں آگ لگنے سے دو کم سن بہن بھائیوں سمیت تین بچے جاں بحق ہو گئے،حادثہ اس وقت پیش آیا جب اہل خانہ نچلی منزل پر افطاری کر رہے تھے، بچوں کی ناگہانی موت پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔

فیکٹری ایریا کے علاقے والٹن روڈ میں تین بھائی فریاد، عمران اور عرفان اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہتے ہیں، افطاری کے وقت سب لوگ دوسری منزل پر جمع ہوئے تو بچے اوپر تیسری منزل پر کھیلنے چلے گئے، بچوں نے دیا سلائی جلائی یا شارٹ سرکٹ ہوا، آگ لگنے سے فریاد کا 5 سالہ بیٹا علی حسن،3 سالہ بیٹی نبیہہ اور 6 سالہ بھتیجی حبیبہ جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ بچوں کو بچاتے ہوئے ان کا چچا عمران بھی جھلس کر زخمی ہو گیا۔

ریسکیو نے زخمی ہونے والے عمران کو تشویشناک حالت میں جنرل ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا، ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔

کمسن بچوں کی لاشیں گھر پہنچیں تو محلے میں کہرام مچ گیا اور ماں باپ پر غشی کے دورے پڑنے لگے، رشتے دار خواتین کی آہ و بکا سے ہر آنکھ اشک بار ہو گئی۔

مزیدخبریں