ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آمدِ رمضان؛ غرباء، مساکین ، یتامیٰ ، نادار اور کمزور طبقات کا احساس کریں، صدر آصف زرداری کا قوم کے نام پیغام

President Asif Ali Zardari, City42 , Ramzan message, message to the nation, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: صدر مملکت آصف علی زرداری نے رمضان  المبارک1445ھ   / 2024 ءکے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ  رمضان المبارک امت کے مابین ہمدردی، ایثار، اخوت، بھائی چارےاور تعاون کا پیغام بھی لے کر آتا ہے۔ معاشرے کے غرباء، مساکین ، یتامیٰ ، نادار اور کمزور طبقات کا احساس کرتے ہوئے ان کی مدد کریں۔ 

صدر آصٖ علی زرداری نے آج شام رمضان کا چاند نظر آنے کے بعد قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کے رحمتوں اور مغفرتوں سے بھرپور مہینے کے آغاز پر پوری پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری اور اس کی بندگی میں سرشار ہوکر ایک مثالی مسلمان بننے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔مسلمان اس مہینے میں احکامات ِالٰہی پر عمل کر کے عبادات میں مصروف ہو جاتے ہیں۔  اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پرروزے  اس لیے فرض کیے تاکہ وہ پرہیزگار بن سکیں۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ روزہ اللہ تعالیٰ کے حکم پر بھوک اور پیاس برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ تمام منکرات سے بچنے کا نام بھی ہے۔ غیبت، گالم گلوچ، مکروفریب، رشوت، سود خوری، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ اور بدنظری جیسے گناہوں سے بچ کر ہی تقویٰ کا حصول ممکن ہے۔

صدر مملکت  نے کہا کہ  رمضان المبارک امت کے مابین ہمدردی، ایثار، اخوت، بھائی چارےاور تعاون کا پیغام بھی لے کر آتا ہے۔معاشرے کے غرباء، مساکین ، یتامیٰ ، نادار اور کمزور طبقات کا احساس کرتے ہوئے ان کی مدد کریں، مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر زکوٰۃ، صدقات اور خیرات ادا کریں۔ غریبوں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مالی مدد کریں اور اس سلسلے کو سارا سال جاری رکھیں۔

صدر آصف  علی زرداری نے روئیتِ رمضان کی مناسبت سے اقوام عالم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام ِ عالم اور مسلم امہ مظلوم فلسطینیوں کی بھی مدد کریں۔اقوامِ عالم اور مسلم امہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں اور فضیلتوں سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔