(ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 279 رنز کے ہدف کو آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں ایلکس کیری نے 98، مچل مارش نے 80 اور کپتان پیٹ کمنز نے 32 رنز بنائے۔
نیوزی لیںڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں بین سیئرز نے چار، میٹ ہینری نے دو جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 372 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں رچن رویندرا نے 82، ٹام لیتھم نے 73 اور ڈیرل مچل نے 58 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے دوسری اننگز میں پیٹ کمنز نے چار، نیتھن لائن نے تین جبکہ مچل سٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جمعے کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پوری کیوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ٹام لیتھم 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کینگروز کی طرف سے جوش ہیزل وُڈ نے پانچ شکار کیے۔
اس کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 256 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں مارنس لبوشین 80 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہینری نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر ایلکس کیری کو پلیئر آف دی میچ جبکہ سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کرنے پر میٹ ہینری کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔