ترک صدر نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا

11 Mar, 2023 | 01:18 PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر نے ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

 انتخابات کی حتمی تاریخ کے فیصلے پر دستخط کرنے کے بعد اپنے ٹی وی خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ 14 مئی کو پوری قوم  صدر اور اراکین پارلیمان کے انتخابات کیلئے ووٹ کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ انتخابات مقررہ تاریخ سے تھوڑا قبل کروانے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ 18 جون سے یونیورسٹیوں کے امتحانات شروع ہوں گے، اس کے بعد گرمیوں کی چھٹیاں اور حج کے سفر کی تیاریاں شروع ہو جائیں گی۔

 اس سے قبل ایک سرکاری فرمان میں کہا گیا تھا کہ اپنے علاقوں سے دوسرے شہروں میں منتقل ہونے والے زلزلہ متاثرین کا ووٹ کا حق برقرار رہے گا اور وہ جہاں موجود ہیں وہیں سے اپنا ووٹ دے پائیں گے۔

اپنی انتخابی مہم کے حوالے سے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ہماری انتخابی مہم کا محور زلزلہ متاثرین کی بحالی پر ہوگا جبکہ مہم کے دوران موسیقی کا استعمال نہیں کیا جائے گا، ان کی پارٹی کے تمام نامزد امیدوار زلزلہ متاثرین کیلئے قائم فنڈ میں عطیات جمع کروائیں گے۔

 دوسری جانب چند روز قبل حزب اختلاف کی 6 پارٹیوں کے اتحاد کی جانب سے کمال قلیچ دار اوغلو کو رجب طیب اردوان کے مقابلے میں اپنا مشترکہ صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔

 مبصرین کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں آنے والے الیکشن گزشتہ ایک صدی کے سب سے زیادہ نتیجہ خیز انتخابات ثابت ہوسکتے ہیں

مزیدخبریں