(جمال الدین جمالی ) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پرآگے بڑھے گا۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز نیب کے تین ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے، نیب نے رمضان شوگرملز ریفرنس میں شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر جواب جمع کرایا اور درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی، عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت وکلا کی ہڑتال کے باعث موخر کر دی ۔
کیس کی سماعت کے بعد شہبازشریف نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کو پیغام دینا چاہتے ہیں،عمران نیازی بوکھلاہٹ کا شکار ہے،نیازی تم بھگوڑے بنوگے لیکن تمہیں بھاگنے نہیں دیں گے, لوگ پشاور سے کراچی تک حکومت سے نجات کی دعائیں کر رہے ہیں۔
عدالت کے باہر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا رویہ قابل ترس ہے، یہ پاکستان کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان بھی عدالت کے باہر موجود تھے انہوں نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے حق میں نعرے بازی کی، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔